ڈراموں میں غیر ازدواجی تعلقات دکھائے جاتے:نادیہ خان

لاہور: میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان ڈراموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈراموں میں شادی شدہ خواتین کو غیر مرد حضرات سے معاشقہ کرتے دکھایا جاتا ہے۔نادیہ خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان اور ماڈل متھیرا کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مارننگ شو کے زوال اور پاکستانی ڈراموں پر کھل کر بات کی۔

نادیہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈراموں میں غیر ازدواجی تعلقات کی ترویج کی جاتی ہے، شادی شدہ خواتین کو غیر مرد حضرات سے معاشقہ کرتے دکھایا جاتا ہے۔ڈراموں میں زیادہ تر خواتین اپنے شوہروں کو دھوکہ دے رہی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ زیادہ تر ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے کہ بیویاں غیر مرد کے ساتھ ازدواجی تعلق رکھ رہی ہیں یا اس کا پرانا دوست شادی شدہ لڑکی کا ساتھ نہیں چھوڑ رہا۔

واضح رہے کہ نادیہ خان اس سے قبل بھی کئی پروگرامز میں ڈراموں پر تنقید کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ایک اور پروگرام میں انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ڈراموں میں بہت سلجھے اور اچھے مرد کے کردار کو دکھایا جاتا ہے تو چڑچڑاپن محسوس کرتی ہوں، کیونکہ آج کل ایسے مرد نہیں ہوتے۔