آمد رمضان، پشاور کی ہر تحصیل میں سستا بازار لگانے کا فیصلہ
Share
پشاور: ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے رمضان میں عوام کو مکمل ریلیف دینے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر نے کی ہدایت کر دی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر شاہد فہد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسنیہ صافی، انتظامی افسران، محکمہ خوراک، محکمہ زراعت، محکمہ انڈسٹری،محکمہ لائیو سٹاک، یوٹیلٹی سٹور اور دیگر محکموں کے افسران اورآل پاکستان زرعی اجناس کی منڈیوں کے مرکزی صدر ملک سوہنی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو رمضان میں ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے رمضان میں عوام کو ریلیف دینے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر نے کی ہدایت کی۔ آخر میں باہمی رضا مندی سے یہ فیصلے ہوئے کہ رمضان المبارک سے قبل پشاور کی تحصیلوں میں رمضان سستا بازار لگائے جائیں گے۔ جہاں پر عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کی جائیں گی۔
ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی رمضان سستا بازاروں میں تمام محکموں کے اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ اور تمام ضروری اشیائے خوردونوش کے لئے الگ الگ کاؤنٹرز لگائے جائیں گے۔ جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور سنیہ صافی کی نگرانی میں سپیشل سکواڈ روزانہ کی بنیاد پر سبز ی و فروٹ منڈی میں صبح صادق کے وقت سرکاری نرخ نامہ جاری کر ے گا۔ رمضان سے پہلے تمام تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیا جا ئے گا۔ ڈپٹی کمشنرآفس میں رمضان کنٹرول روم قائم کیا جا ئے گا جس کے نمبرز رمضان سے پہلے عوام سے شیئر کیے جا ئیں گے۔ ان کنٹرول روم میں عوامی شکایات پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جا ئے گی۔