بحرین اور کالام میں طوفانی بارش، دریائے درال بپھر گیا،متعدد علاقہ زیرآب
Share
کالام ،پشاور: سوات کی سیاحتی وادی کالام اور بحرین میں شدید بارشوں کے بعد کئی علاقے سیلابی ریلوں کی زد میں آگئے۔ دریائے سوات اور دریائے درال بپھر جانے سے پانی ایک بار پھر بحرین بازار میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے بحرین بازار مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا، لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کالام مین شاہراہ لامبٹ، چگار، کلالئی اور چھم گھڑی کے مقامات پر کٹ گئے۔
سوات کے بالائی علاقوں مانکیال، کالام، اشو، مٹلتان، اتروڑ اور گبرال کے عوام گھروں میں محصور ہوگئے۔ دوسری جانب لینڈسلائڈنگ کے باعث بھان کے مقام پر دو گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی کا نظام معطل ہوگیا۔
انتظامیہ کی جانب سے چھوٹی مشینری کی مدد سے پانی موڑنے اور سڑک بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں تاہم مقامی لوگوں نے این ایچ اے اور حکومت سے فوری طور پر بھاری مشینری کے ذریعے سڑکیں اور رابطہ پلوں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھرخیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے میدانی اور بالائی علاقوں سمیت جنوبی اضلاع میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش متوقع ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کالام میں 51 ملی میٹر بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق دیر میں 36، چترال میں 27، پٹن میں 23، مالم جبہ میں 18 اور دروش میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔