بھارتی ویب سیریز ’’ ہیرا منڈی ‘‘کی پہلی جھلک جاری

ممبئی : بالی ووڈ کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی بھارتی ویب سیریز’’ ہیرا منڈی‘‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔ انسٹا گرام پر فلکس انڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی ویب سیزیز ہیرا منڈی کے پہلے ٹیزر کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جارہا ہے۔

پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے ہیرا منڈی کی کہانی پر مبنی اس فلم کے ٹیزر میں اداکارہ سوناکشی سنہا، ادیتی را حیدری، منیشا کوئرالا، شرمین ہیگل، سنجیدہ شیخ اور ریچا چڈھا کو دیکھا جا سکتا ہے جوکہ اس سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بطور فلم ساز ہیرا منڈی میرے سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے، یہ لاہور کی طوائفوں پر بننے والی اپنی نوعیت کی ایک منفرد فلم ہوگی۔ ہیرامنڈی جسے لاہور کا بازار حسن کہا جاتا ہے، اس ویب سیریز کی کہانی بھی اسی بازار حسن سے منسلک خواتین کی زندگی پر مبنی ہے۔