دیر، چترال ، باجوڑ،مہمند اور خیبر میں سپورٹس فیسٹول جاری

پشاور: خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لئے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کاوشیں جاری ہیں اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کے تعاون سے منعقد ہونے والا پاکستان سپورٹس فیسٹول دیر, چترال اور قبائلی اضلاع باجوڑ, مہمند اور خیبر میں بڑے جوش و خروش سے جاری ہے۔

پاکستان سپورٹس فیسٹول کے پہلے مرحلہ میں تحصیل کی سطح پر کرکٹ، فٹبال، ہاکی، والی بال، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس،بیڈمنٹن،سائکلینگ اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں سمیت خصوصی افراد کے کرکٹ میچز کھیلے گئے. تحصیل کی سطح پر منعقدہ مقابلوں میں کامیابی کے بعد دوسرے مرحلہ میں اضلاع کی سطح پر مقابلے جاری ہیں.

پاکستان سپورٹس فیسٹول 2023 میں ان تمام اضلاع سے مختلف کھیلوں کی 971 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ مختلف سکولوں, مدرسوں اور کالجوں کے 9375 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں. اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کی شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ قبائلی نوجوان امن سے محبت کرنے والا اور ٹیلینٹ سے بھرپور ہے.

پاکستان سپورٹس فیسٹول کو دیکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کے عہدیدار اور بڑی تعداد میں عوام بالخصوص نوجوان خصوصی طور پر شرکت کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں. نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے سپورٹس فیسٹولز کا انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان اضلاع کی عوام امن پسند اور کھیلوں کے انعقاد پر پرجوش ہیں۔