ملکی بقا، خوشحالی کا راز اسلامی اصولوں پر عملدرآمد میں پوشیدہ ہے: گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی
Share
پشاور: گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ23 مارچ 1940کا دن بلاشبہ قیام پاکستان کی جدوجہد کیلئے بڑا دن تھا کیونکہ آج ہی کے دن برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ مملکت پاکستان کے قیام کیلئے قرارداد پیش کی گئی۔
آج کے دن ہمیں قرارداد پاکستان کے پس منظر میں فکر کو سمجھنا ہو گا کیونکہ یہ فکر اسلامی رہنما اصولوں کے مطابق مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ شناخت کا حصول تھی۔ آج الحمدللہ پاکستان دنیا کے نقشہ میں پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ملک ہے،یوم پاکستان کے موقع پر یہاں سے جاری ایک خصوصی پیغام میں گورنر کاکہناتھاکہ آج یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد اور کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا اور ہمارے ملک کی بقا،سلامتی یکجہتی،ترقی اور خوشحالی کا راز بھی جمہوریت اور اسلامی اصولوں پر عملدرآمد میں پوشیدہ ہے،باہمی رواداری، برداشت، اسلامی و معاشرتی اقدار، روایات، ثقافت پر متحد ہوکر عملدرآمد کرتے ہوئے ہم دنیا میں ترقی و خوشحالی کے منازل طے کرتے جائیں گے۔اپنے پیغام میں انہوں نے علامہ اقبال کے شعر’’فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں، موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ نہیں‘‘ کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ وقت میں بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و تنظیم کو سختی سے فروغ دینا ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہم اسلامی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں تو ہمیں شروع سے ہی متحد رہنے کا بار بار کہا گیا ہے اور موجودہ حالات میں قوم کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے کیونکہ دشمن قوتیں ہمیں رنگ و نسل اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مذموم سازشیں کر رہے ہیں جس کا مقابلہ اتحاد کی طاقت سے ہی کیا جا سکتا ہے۔ گورنرنے کہاکہ میں آج کے دن اپنے ملک کے نوجوانوں کو کہنا چاہوں گا کہ پاکستان کے قیام کے پیچھے قربانیوں کی ایک طویل تاریخ اور آزادی کا فلسفہ ہے۔
اس ملک کا مستقبل اب آپ نوجوان لوگ ہیں،نوجوان نسل کے محفوظ اور روشن مستقبل کیلئے آج کے دن پاکستان کے قیام کی قرارداد پیش کی گئی تھی، یہ ملک اب آپ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے آپ نے ہی اب اس ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرنا ہے اور اپنے اسلاف کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دینا ہے، یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم سب نے ملکر اسکی حفاظت یقینی بنانی ہے۔دریں اثناء گورنر حاجی غلام علی سے نوتعینات چیف سیکرٹری خیبرپختونخواندیم اسلم چوہدری نے گزشتہ روزگورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
گورنرنے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر چیف سیکرٹری کو مبارکباد دی اور اُن کیلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا، ملاقات میں صوبہ میں گڈ گورننس، انتظامی امور، بہترین طرز حکمرانی،ضم اضلاع میں عوامی مفاد کے جاری ترقیاتی منصوبوں،ضلعی انتظامیہ کے فرائض و کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں رمضان میں عوام کو سستی اشیائے خورد نوش کی فراہمی یقینی بنانے، گرانفروشی پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو متحرک رکھنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
علاوہ ازیں گورنر سے ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر راجہ محمدہارون اورایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر ثاقب خان کی قیادت میں ایبٹ آباد کے صحافیوں کے نمائندہ وفد، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر میاںآفتاب احمدخان اور ڈائریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن پشاور صاحبزادہ حامد محمود نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور گورنر کو عوام کودرپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا،دریں اثناء گورنر سے دیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نورعالم خان، نائب صدر خالداقبال، دیرچیمبرکے بانی حاجی حسین اللہ کی سربراہی میں بھی ایک بزنس کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر نائب صدر فیڈریشن آل پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری عمرمسعود ، ریجنل سیکرٹری ایف پی سی سی آئی انجینئرخالد حیدر ، کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی سرتاج احمدخان بھی موجود تھے۔