نوجوان نسل کو صحت اور تعلیم کی بہترسہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے:گورنر
Share
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں اور وہ ملک کا مستقبل ہیں۔ ہماری نوجوان نسل کو اعتماد اور رہنمائی کے ساتھ صحت اور تعلیم کی بہترسہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ دنوں گورنر ہاؤس پشاور کے دورے کے موقع پر مرسی ایجوکیشنل کمپلیکس ناصر پورجی ٹی روڈ پشاور کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
واضح رہے کہ ایم ای سی یتیموں کے لیے ایک وقف بورڈنگ ادارہ ہے جو تقریباً 700 طالب علموں کو اسکول اور پیشہ ورانہ سطح پر بلا معاوضہ رسمی اورغیر رسمی پیشہ ورانہ تعلیم فراہم کررہا ہے،حاجی غلام علی نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جوخود یتیم تھے پوری کائنات کے لیے مشعل راہ اور رحمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و تبلیغ کی قوت تھی جس نے خود نمونہ اور شخصیت کے سحر میں لوگوں کے دل و دماغ کو ڈھالا اور دشمنوں کو اسلام قبول کرنے پرمجبورکیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہترین انسان اور اچھا شہری بنانے کے لیے تعلیمی سہولیات کی فراہمی اوران کی اخلاقی تعمیر ضروری ہے امن، رواداری، شفقت اور صفائی ہمارے دین کی بنیادی باتیں ہیں اور ہم اسلامی طرز زندگی کو اپنا کر کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ گورنر نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ ایسے اداروں کا دورہ کریں اور ان کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ان اداروں میں مقیم یتیم بچوں میں اعتماد بڑھے گا ،گورنر نے کہا کہ یتیموں کی پرورش اور ان کی کفالت صدقہ جاریہ ہے اور ایسے کاموں میں شریک لوگوں کی مددوتائیدہمارادینی تقاضا ہے انہوں نے یتیموں کے لیے ایک مثالی بورڈنگ ادارے کے طور پرایم ای سی کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بے سہارا بچوں کی مدد کرنا ہمارا قومی اور اخلاقی فرض ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایم ای سی کے طلباء پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کا لوہا منوائیں گے۔
اس موقع پر گورنر نے میٹرک کے امتحان میں Aگریڈ حاصل کرنے والے طلباء میں تعریفی اسناد اور میڈلز تقسیم کیئے جب کہ اس موقع پرطلباء نے گورنر ہاؤس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔