پشاور کے بعد ایبٹ آباد کو بھی تمباکو فری شہر کا درجہ مل گیا

ایبٹ آباد: خیبر پختونخوا میں پشاور کے بعد ایبٹ آباد کو بھی تمباکو فری شہر کا درجہ مل گیاہے، ہزارہ ڈویژن میں ایبٹ آباد پہلا ضلع ہے جہاں انسداد تمباکو کے قوانین کا نفاذ شروع ہو جائیگا۔ گذشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد علی شیر خان خلیل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جبرائیل رضا اور محمد اجمل شاہ کوآرڈینیٹر صوبائی ٹوبیکو کنٹرول سیل کے درمیان اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایبٹ آباد جیسے پرفضا مقام جہاں روزانہ ہزاروں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں کے علاوہ مقامی آبادی کے ان لوگوں کو تمباکو نوشی کے دھوئیں سے محفوظ رکھنا ہے۔

جو تمباکو نوشی نہیں کرتے اور ان اہداف کے حصول کیلئے ہی ایبٹ آباد کو تمباکو کے دھوئیں سے پاک شہر کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، شہر میں تمباکو نوشی سے پاک جگہوں میں پبلک ٹرانسپورٹ، پبلک مقامات، دفاتر، پبلک پارکس، سکول و کالجز سمیت دیگر مقامات شامل ہیں جہاں عوام کا زیادہ رش ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ ضلع پشاور کو تمباکو فری ڈیکلیئر کرنے کے نوٹیفکیشن کے دو روز بعد ہی ایبٹ آباد کو بھی تمباکو فری قرار دے دیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے تمباکو کنٹرول کے حوالے سے فریم ورک کنونشن کے بعد آرٹیکل 8 کی رو سے کراچی اور اسلام آباد کو تمباکو فری قرار دیا گیا جبکہ پشاور اور ایبٹ آباد کو بھی مقامی ضلعی انتظامیہ اور صوبائی ٹوبیکو کنٹرول سیل کے باہمی اشتراک سے تمباکو کے دھوئیں سے پاک شہر قرار دے دیا گیا ہے، اس نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف انسداد تمباکو کے قوانین کے عین مطابق کارروائی کی جا سکے گی۔