ہنگو: ملک بھر کی طرح ہنگو میں بھی مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر نے مکان پر م ش نمبر لکھ کر قومی مہم کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر فضل اکبر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مردم شماری کے سلسلے میں ضلع ہنگو میں 227 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
جن کی سیکورٹی پر لیوی فورس، پولیس اور ایف سی کے 613 جوان تعینات ہیں اور ہر ٹیم کے ساتھ مردم شماری محکمہ کا اہلکار بھی متعین ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بھر پور اقدامات کئے ہیں اور ان کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم اور انتظامی اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر فضل اکبر نے علما کرام، سیاسی و سماجی عمائدیں اور صحافیوں سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد سے اپیل کی کہ وہ قومی مہم کو کامیاب بنا کر قومی فریضہ کی انجام دہی میں اپنا کردار ادا کریں۔