کیفی خلیل کا ’’کہانی سنو‘‘ڈچ گلوکارہ نے بھی گنگنا دیا

لاہور: ڈچ گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے بھی کیفی خلیل کا گانا’’کہانی سنو‘‘ اپنی آواز میں سنا دیا ۔بلوچ گلوکار کیفی خلیل کے گانے ’’کہانی سنو‘‘ کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس گانے کو مختلف گلوکار اپنی آواز میں سنا چکے ہیں اور اب تو دوسرے ممالک کے گلوکار بھی اس دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔

نیدر لینڈز کی معروف گلوکارہ ایما ہیسٹرز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے اْنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے اپنی ریلز پر اب تک 25 کروڑ سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

اس لیے میں نے سوچا کہ اب ایک اور خوبصورت زبان میں دوبارہ گانے کا وقت آگیا ہے۔ ایما ہیسٹرز اکثر مشہور گانوں کو اپنی آواز میں گنگنا کر داد وصول کرتی نظر آتی ہیں، گلوکارہ کے یوٹیوب پر 5.8 ملین سے زائد سبسکرائبرز اور انسٹا گرام پر 1.7 ملین فالوورز ہیں ۔