ہالی ووڈ میں نکی میناج، آریانا کیساتھ کام کیا :حازم بنگوار

ہمیشہ احساس ہوتا تھا کہ وہ پاکستان کے باہر پُرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ مگر ان کے ملک میں لوگوں کو بنیادی ضروریات بھی نہیں مل رہی ہیں

کراچی:  ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار چارج سنبھالنے کے بعد راتوں رات سوشل میڈیا سٹار بن گئے۔ جب ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو لوگ بھی اپنے درمیان اتنے جدید اور سٹائلش اسسٹنٹ کمشنر کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

حازم بنگوار حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے انٹرٹینمنٹ پروگرام میں شریک ہوئے۔ جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی برطانیہ اور امریکہ میں رہے۔ اور اب وہ اپنے ملک کی خدمت کے لیے واپس آئے ہیں۔ حازم بنگوار نے گفتگو کے دوران یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ ہالی ووڈ کی میوزک انڈسٹری میں نکی میناج اور آریانا گرانڈے جیسے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

وہ اس وقت بیرونِ ملک میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ جب انہوں نے ہالی ووڈ کے فنکاروں کے لیے گانے لکھنا شروع کیے۔ حازم بنگوار نے کہا کہ انہیں ہمیشہ احساس ہوتا تھا کہ وہ پاکستان کے باہر پُرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ مگر ان کے ملک میں لوگوں کو بنیادی ضروریات بھی نہیں مل رہی ہیں۔ اس ہی تشویش نے انہیں پاکستان واپس لوٹنے پر مجبور کر دیا۔

حازم بنگوار نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے انہیں کہا پاکستان نہ آئیں اور بیرون ملک واپس چلے جائیں کیونکہ وہ پہلے ہی وہاں آباد ہیں لیکن انہوں نےعوام کی خدمت کے مقصد کے لیے کام کیا اور وہی کر رہے ہیں جو وہ اپنے ہم وطنوں کے لیے کرنا چاہتے تھے۔