ویڈیو سٹریمنگ کی تیزی میں مددگار پاکستانی انجینئرچھا گیا

راولپنڈی: آج کل سوشل میڈیا پر ویڈیو سٹریمنگ تیز بنانے میں مدد کرنیوالے واحد پاکستانی انجینئر کے خوب چرچے ہو رہے ہیں ۔ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے وقار ضیا کو ایک روز ان کے سابق ساتھیوں نے بتایا کہ جس کام پر اُن سب نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ محنت کی، اسے بالآخر ناصرف تسلیم کر لیا گیا بلکہ اعزاز بھی دیا گیا ہے۔

ان کے لیے یہ باعث فخر اس لیے بھی تھا کیونکہ وہ اس دوران پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد شخص تھے۔ وقار ضیا نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے کام کو اتنے برسوں تک کوئی اعزاز نہیں ملا تھا، اس لیے میں نے یہ فیلڈ اور نوکری چھوڑ دی تھی مگر جب پرانے دوستوں نے ایوارڈ کا بتایا تو میں حیران ہوا۔

یہ وہ کام تھا جس نے ویڈیو سٹریمنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کیا ۔دراصل وقار نے انجینئرز کی اس ٹیم کے ساتھ کام کیا تھا جس نے دنیا بھر میں صارفین کے لیے ویڈیو سٹریمنگ کو آسان اور تیز بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ 2012 میں یہ سب ’ڈیش‘ کی وجہ سے ممکن ہوا۔

وقار یاد کرتے ہیں کہ (یو ای ٹی) ٹیکسلا میں یونیورسٹی کے تیسرے سال تک ان کے پاس کمپیوٹر نہیں تھا مگر انٹر کے دور میں ’میرے پاس پروگرام ایبل کیلکولیٹر ہوا کرتا تھا جس پر میں گیمز پروگرام کرتا تھا۔

‘یونیورسٹی کے آخری سال کے دوران ان کی سافٹ ویئر پروگرامنگ میں دلچسپی بڑھی جس کے بعد انہوں نے جرمنی میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سسٹم میں ماسٹرز کیا ۔ وقار کے مطابق وہ آج کل وقار جرمنی میں ٹیکنالوجی کمپنی’’ ایپل ‘‘میں بطور سٹینڈرڈ لیڈ کام کر رہے ہیں۔