کورونا: امریکہ جانیوالوں کیلئے 11مئی سے ویکسین کی شرط ختم

اسلا م آباد ،لاہور،واشنگٹن: کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مزید کوئی فردجاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد30657ہی رہی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ،وزارت قومی صحت اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے1524ٹیسٹ کئے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 0.72فیصد رہی۔

کورونا کے11نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 11414ہوگئے،8مریضوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ لاہور میں 110میں سے 2افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسز کی شرح 1.82فیصد رہی۔عالمی وبا سےدنیا بھرمیں ہلاکتیں68لاکھ66ہزار8سوسےزائد ہو گئیں۔

روس میں مزید30افرادہلاک ہوگئے اور 3404نئے مریض سامنے آگئے۔جاپان میں مزید19مریض چل بسے اور 16972نئے سامنے آگئے۔انڈونیشیامیں مزید27مریض موت کا شکار بن گئے اور 1371نئے رپورٹ ہوئے۔جنوبی کوریا میں مزید10اموات ہوئیں اور 15741نئے مریض سامنے آگئے۔

امریکہ نے 11مئی سے بیرون ملک سے آنیوالوں کیلئے لازمی کورونا ویکسین کی شرط ختم کرنےکا اعلان کردیا۔وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق 11مئی سے فیڈرل ملازمین، کنٹریکٹرز اور بین الاقوامی مسافروں کیلئےکورونا ویکسین لازمی نہیں رہیگی۔

11مئی سے ہی امریکہ بھر میں عائدکورونا ہیلتھ ایمرجنسی بھی اٹھالی جائیگی۔ جنوری 2021 ءسے کورونا سے اموات میں 95 فیصد اور ہسپتالوں میں داخلےکی شرح میں91 فیصد کمی آئی ہے۔