اسرائیلی فورسز کے مختلف علاقوں میں چھاپے ، 2بچوں سمیت 13فلسطینی گرفتار،نوجوان شہید

رملہ،نابلوس،نیویارک: اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس اور دریائے اردن کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 2 بچوں سمیت 13 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مشرقی القدس کے علاقوں عیسویہ، الرام اور حزمہ میں ایک بچے سمیت 4 فلسطینیوں، ر ملہ میں 4، جنین میں 2، تلکرم میں ایک اور بیت اللحم میں ایک بچے سمیت 2 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان دم توڑ گیا۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 8 فروری کو اسرائیلی فوج نے 16 سالہ فلسطینی نوجوان منتصر محمد دیب شاوا کے سر میں گولی ماری تھی۔

مذکورہ 16 سالہ فلسطینی نوجوان 12 دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دورانِ علاج ہسپتال میں چل بسا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی اراضی میں بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کے منصوبے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

امریکہ سمیت سلامتی کونسل اراکین نے متفقہ بیان میں کہا ہے کہ ایسے اقدامات امن میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی آباد کاری سے دو ریاستی حل کو خطرہ ہے۔

دوسری جانب سے اسرائیل نے سلامتی کونسل کے بیان کو یک طرفہ قرار دے کر اس کی مذمت کی ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، امریکا کو کبھی اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔