الکراز انڈین ویلز ماسٹرز جیت کر عالمی نمبر ایک ہوگئے

کیلیفورنیا: اسپین کے کارلوس الکراز نے روسی حریف ڈینیئل میڈویڈیف کو شکست دے کر ناصرف انڈین ویلز ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا بلکہ دوبارہ ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن گئے۔

19 سالہ ٹاپ سیڈ الکراز کو 6-3 اور 6-2 سے جیت حاصل کرنے میں صرف ایک گھنٹہ 11 منٹ لگے جس وہ ٹینس کی عالمی رینکنگ میں نوواک جوکووچ سے اوپر آگئے۔

یہ یو ایس اوپن چیمپئن کے کیریئر کا تیسرا ماسٹرز ٹائٹل اور مجموعی طور پر آٹھواں اے ٹی پی کراؤن ہے، وہ ہموطن رافیل نڈال کے بعد کم عمری میں تین ماسٹرز ٹائٹل جیتنے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ قبل ازیں قازقستان کی ایلینا ریباکینا نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں اپنی شکست کا بدلہ بیلاروسی آرینا سبالینکا کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرا کر لے لیا۔

78 منٹ کے ابتدائی سیٹ کے بعد ومبلڈن چیمپئن ریباکینا نے اپنی پہلی ڈبلیو ٹی اے 1000 ٹرافی کے لیے 7-6 اور 6-4 سے کامیابی سمیٹی۔ یہ پانچ کوششوں میں عالمی نمبر دو سبالینکا کیخلاف اس کی پہلی جیت ہے۔

رواں سال جنوری میں، بیلاروسی کھلاڑی نے میلبورن میں رایباکینا کو تین سیٹس میں ہرا کر اپنا پہلا گرینڈ سلام جیتا تھا۔ ریباکینا کا یہ مجموعی طور پر چوتھا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل ہے۔