پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا

چٹوگرام: پاکستان انڈر 19 نے سپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت واحد چار روزہ میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے قابو کرلیا۔ سپنرز علی اسفند اور عرفات منہاس نے اننگز میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیشی کپتان شہریار ثاقب کی سنچری رائیگاں گئی۔ تفصیلات کے مطابق ظہور احمد چودھری سٹیڈیم میں پاکستان انڈر 19 کو میچ جیتنے کیلئے 22 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 6.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

شاہ زیب خان 19 اور اعظم اویس 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش انڈر 19 کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 292 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔عرفات منہاس نے تین اور محمد اسماعیل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہ زیب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ ہفتہ کو چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔