امریکہ :تائیوان کو ایف 16طیاروں کے میزائل، کروڑوں ڈالرکا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

واشنگٹن : امریکہ نے تائیوان کو ایف 16طیاروں کے میزائلوں سمیت تقریباً 62 کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنےکی منظوری دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی انتظامیہ نے تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنےکی منظوری کے بارے میں کانگریس کو مطلع کر دیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہےکہ ممکنہ فروخت تائیوان ریلیشن ایکٹ، دیرینہ ون چائنا پالیسی کے مطابق ہے، تائیوان کو ممکنہ اسلحے کی فروخت کا مقصد اس کے دفاع کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق تائیوان کے لیے امریکی اقدامات خطے اور آبنائے تائیوان میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے ہیں۔

اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ تائیوان کے لیے امریکی ہتھیاروں کی فروخت کے نئے پیکج کی مخالفت کرتے ہیں، امریکہ کو تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت اور فوجی رابطہ بند کرنا چاہیے۔