امریکہ : ملزم کانماز فجر کے دوران امام مسجد پر چاقو سے حملہ
Share
نیوجرسی: امر یکہ کی ریاست نیو جرسی کی پیسائیک کاونٹی میں واقع مسجد جامع عمر بن الخطاب میں فجر کی نماز کے دوران امام پر چاقو سے حملہ کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق چاقو حملے میں مذکورہ 65 سالہ امامِ مسجد سید النقیب زخمی ہو گئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کو نمازیوں کے درمیان سے دوڑ کرنکل کر امام مسجد پر حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم نے 65 سالہ امامِ مسجد سید النقیب کی گردن اور پیٹ پر وارکرکے انہیں زخمی کر دیا۔امریکی میڈیا نے بتایا کہ چاقو سے حملے کے وقت مسجد میں 200 کے قریب نمازی موجود تھے۔
نمازیوں نے حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔امریکی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ امامِ مسجد پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کی شناخت 32 سالہ سیرف زوربا کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کی جانب سے ملزم کے اس قاتلانہ حملے کی وجوہات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔