امریکہ میں ساتھی کی جان بچاتے خاتون کوہ پیما جاں بحق
Share
واشنگٹن: امریکی ریاست یوٹاہ میں برفانی پہاڑ سر کرتے ہوئے برفانی تودے سے ساتھی کوہ پیما کی جان بچاتے ہوئے خاتون کوہ پیما ہلاک ہو گئی۔ گن کنٹرول معاملے پر مظاہرہ کرنیوالے 2 ڈیموکریٹ اراکین کی رکنیت ختم کردی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادراے کے مطابق یوٹاہ کی ڈوشین کائونٹی کے شیرف نے کہاکہ انڈین کینین پر 41 سالہ خاتون کوہ پیما دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ پہاڑ چڑھ رہی تھیں کہ اچانک اوپر سے برف کا ایک بہت بڑا ٹکڑا الگ ہوکر نیچے گرنے لگا، جس دوران بہادر خاتون نے اپنے ساتھی کی جان بچانے کیلئے اپنی جان کی دائو پر لگا دی۔شیرف نے کہاکہ خاتون کوہ پیما کی شناخت میگ او نیل کے نام سے ہوئی۔
وہ 21 سالہ ساتھی کوہ پیما خاتون کی جان بچاتے ہوئے برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہو ئیں۔ واقعے میں 34 سالہ مرد کوہ پیما بھی زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کیلئے ڈوشین کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دریں اثنا امریکہ کی ریاست ٹینیسی میں گن کنٹرول معاملے پر مظاہرہ کرنیوالے 2 ڈیموکریٹ اراکین کی رکنیت ختم کردی گئی۔
امریکی میڈیاکے مطابق ری پبلکن پارٹی کے زیر کنٹرول ایوان نے ڈیموکریٹس کے خلاف اقدام اٹھاتے ہوئے ڈیموکریٹ رکن اسمبلی جسٹن جونز اور جسٹن پیرسن کی رکنیت معطل کردی تاہم گلوریا جانسن کیخلاف کارروائی ناکام بنادی گئی۔
نیش ویل کے اسکول میں 27 مارچ کو فائرنگ سے 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ معطل اراکین نے مظاہرے کی قیادت کی تھی جس سے ایوان کی کارروائی معطل ہوگئی تھی۔اسکول میں فائرنگ کے ایشوز سے نمٹنے کے معاملے پر اراکین اسمبلی میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔