امریکہ میں کتے کا رائفل پر پنجہ لگنے سے گولی چلنے پر 30 سالہ نوجوان ہلاک

امریکی ریاست کینساس کے پولیس شیرف کا کہنا ہے کہ ایک 30 سالہ نوجوان رائفل پر کتے کا پیر لگنے سے چلنے والی گولی کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نوجوان شکاری جوزف آسٹن امریکی ریاست کینساس کے شہر ویچٹا (Wichita) سے ہفتہ وار چھٹیوں کے موقع پر شکار کرنے کیلئے گیڈا اسپرنگز (Geuda Springs) کے علاقے میں آیا ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے انہیں صبح 9:47 منٹ پر کال موصول ہوئی کہ ایک پک اپ ٹرک میں سوار شخص کو کسی نے پیٹھ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو موقع پر روانہ کر دیا گیا تھا۔

کینساس پولیس شیرف کا کہنا ہے کہ کال آنے کے چند منٹوں میں ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی جہاں انہیں ایک پک اپ ٹرک میں نوجوان جوزف آسٹن کی لاش مسافر سیٹ پر موجود تھی، نوجوان کو پیٹھ میں گولی لگی ہوئی تھی۔

شیرف کے مطابق گاڑی کی پچھلی سیٹ پر نوجوان کا کتا بھی موجود تھا جس کے ساتھ ہی شکار کیلئے لایا ہوا سامان رکھا ہوا تھا جس میں نوجوان کی شکاری رائفل بھی پڑی ہوئی تھی۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ پچھلی سیٹ پر رکھی ہوئی لوڈڈ رائفل پر کتے کا پیر لگنے سے گولی چل گئی جس سے نوجوان شکاری ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ چلنے کے وقت گاڑی میں کوئی اور بھی موجود تھا یا نہیں۔