بابراعظم ستارہ امتیاز حاصل کرنیوالے کم عمر کرکٹر بن گئے

لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پاکستان کیلئے کھیل کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی کرنے والوں کو سول ایوارڈز سے نوازا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم کو ستارہ امتیاز دیا گیا۔

وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے کم عمرترین کرکٹر بن گئے،28سالہ بابر اعظم دو سال سے زائد عرصہ تک ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر رہے۔ انہیں اس وقت عالمی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

وہ دنیا کے واحد کرکٹر ہیں جو تینوں فارمیٹس کی عالمی رینکنگز کی ٹاپ پانچ پوزیشن میں شامل ہیں۔ بابراعظم نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں اپنے والدین کیساتھ شرکت کر کے ایوارڈ وصول کیا۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بابر اعظم کو ستارہ امتیاز کا میڈل پہنایا۔

بابر اعظم نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پیغام میں کہا والدہ اور والد کی موجودگی میں ستارۂ امتیاز حاصل کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔ یہ ایوارڈ میرے والدین، مداحوں اور پاکستان کے لوگوں کیلئے ہے۔انہوں نے اپنا ایوارڈ والد کے گلے میں ڈالکرتصویر بھی سوشل میڈیا پر شئیر کی ہے۔