واشنگٹن:حالیہ برسوں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی تیزی سے نمایاں ہونا شروع ہوئی ہے، خاص طور پر نومبر 2022 میں چیٹ جی پی ٹی نامی چیٹ بوٹ متعارف ہونے کے بعد سے یہ عام افراد کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔
گوگل، میٹا، ایپل اور مائیکرو سافٹ سمیت بیشتر کمپنیاں اے آئی ٹیکنالوجی کو مختلف شکلوں میں اپنی پراڈکٹس کا حصہ بنانے پر کام کررہی ہیں۔
اس بارے میں مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ اے آئی چیٹ بوٹس جیسے چیٹ جی پی ٹی کا ابھرنا اسی طرح اہم ہے جیسے انٹرنیٹ کا عروج یا ذاتی کمپیوٹرز کا ارتقا۔
ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی 2023 کے اہم ترین موضوع کے طور پر بحث کا حصہ بنے گی اور ایسا ہونا درست بھی ہے ،یہ ٹیکنالوجی ذاتی کمپیوٹرز یا انٹرنیٹ جتنی ہی اہمیت کی حامل ہے۔