جاپان کا دوست ممالک کو دفاعی مقاصد کیلئے مالی معاونت کا اعلان

ٹوکیو: جاپان نے دوست ممالک کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے مالی معاونت کے منصوبے کا اعلان کردیا۔جاپان کا اوورسیز سکیورٹی اسسٹنس (او ایس اے)پروگرام دوست ممالک میں دفاعی مقاصد کیلئے رقم فراہم کرے گا۔جاپانی امدادی رقم سے مہلک ہتھیار نہیں خریدے جاسکیں گے۔

دوسری طرف دہائیوں سے جاری اوورسیز ڈیولپمنٹ اسسٹنس (او ڈی اے)پروگرام سڑکوں، ڈیم اور دیگر شہری انفرااسٹرکچر منصوبوں کیلئے رقم دیتا رہے گا۔جاپان کی وزارت خارجہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہم سکیورٹی اور دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرکے ملکوں کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں تاکہ جاپان کیلئے موزوں سکیورٹی ماحول پیدا کیا جاسکے۔بیان میں کہا گیا کہ جاپانی امدادی رقم سے مہلک ہتھیار نہیں خریدے جاسکیں گے۔

اس پروگرام میں خاص پروجیکٹ شامل ہیں جیسے سیٹلائٹ رابطہ کاری، سمندروں کی نگرانی کیلئے ریڈیو سسٹمز۔وزارت خارجہ نے کہا کہ دوست ممالک کو دفاعی مقاصد کیلئے رواں مالی سال رقم مختص کر دی جائے گی۔حکومتی ذرائع نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ فلپائن اور بنگلہ دیش جاپان سے رقم وصول کرنے والے پہلے ملک ہوسکتے ہیں۔جاپان فلپائن کو ریڈار فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ جنوبی چین سمندر میں چینی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔

دوسری طرف جاپان فجی اور ملائیشیا کی بھی مالی معاونت کرنا چاہتا ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر ترقی پذیر ممالک ہی امداد کے اہل ہوں گے جو گرانٹس کی صورت میں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ چین کے مقابلے کیلئے جاپان بھی ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم فومیو کشیدا نے مارچ میں 75 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔