لاہور: جے اے زمان اوپن گالف چیمپئن شپ آج 21 سے 26 فروری تک لاہور جمخانہ گالف کلب میں منعقد ہوگی۔ جے اے زمان میموریل چیمپئن شپ پنجاب گالف ایسوسی ایشن اور پاکستان گالف فیڈریشن کا منظور شدہ ٹورنامنٹ ہے جس میں 500سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔
حامد زمان خان نے گزشتہ روز لاہور جمخانہ میں اپنے فیملی ممبرز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کی انعامی رقم 60 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
ایونٹ میں نیشنل گولف سرکٹ کے سٹار کھلاڑی شبیر اقبال، ایم مطلوب، احمد بیگ، حمزہ امین، محمد منیر، وحید بلوچ، منہاج مقصود، محمد عالم اور محمد شہزاد سمیت پاکستان کے ٹاپ 100 رینکنگ رکھنے والے گالفرز مین راونڈ میں ایکشن میں دکھائی دینگے جبکہ امیچور کھلاڑی بھی اس ایونٹ میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹورنامنٹ میں انعامی رقم کے علاوہ ہول ان ون کے لیے 13 سو سی سی ہونڈا کار بھی رکھی گئی ہے۔ کھلاڑی چھ مختلف کیٹگریز جونیئرز، لیڈیز، سینئر پروفیشنلز, ایمیچورز، اور ویٹرنز میں حصہ لیں گے۔چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ 26 فروری اتوار لاہور جم خانہ گالف کورس میں ہوگا۔پریس کانفرنس کے بعد حامد زمان خان نے گیند کو ہٹ لگا کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔