حیدرآباد ڈسٹرکٹ انٹر کلب ہاکی سمیع عابد کلب نے جیت لی

حیدرآباد: ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن حیدرآباد کے زیراہتمام پی ایچ ایف ڈومیسٹک ہاکی ڈیولپمنٹ ویژن کے تحت حیدرآباد ڈسٹرکٹ انٹر کلب ہاکی ٹورنامنٹ سمیع عابد ہاکی کلب نے جیت لیا۔

بورڈ اسٹیڈیم لطیف آباد نمبر 6 کے آسٹرو ٹرف ہاکی گراونڈ پر کھیلے گئے فائنل میں سمیع عابد ہاکی کلب نے قمر ہاکی الیون حیدرآباد کو 3-0 سے شکست دی۔ تینوں گول آخری کوارٹر میں ہوئے جہاں یاسر نے دو اور انٹرنیشنل خضر اختر نے ایک گول کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی برگیڈیئر( ر) عامر زاہد خان ستارہ امتیاز تھے۔ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رضوان تنویر نے مہمان خصوصی کو سندھ کا روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
مہمان خصوصی نے فائنل کے امپائر قمر الاسلام ،اویس الدین و دیگر آفیشلز ٹورنامنٹ ڈائریکٹر غلام علی ، ٹورنامنٹ افیسر خالد شاہ کو اجرک کا تحفہ پیش کیا جبکہ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر افتخار الدین، خزانچی اختر خانزادہ اور سیکریٹری جامشورو ڈسٹرکٹ زاہد حسین کو بھی اجرک تحفہ پیش کیا۔