دس سال مذاکرات: سمندروں کے تحفظ کا معاہدہ طے پا گیا
Share
نیو یارک : 10 سال کے مذاکرات کے بعد دنیا کے سمندروں کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی معاہدہ طے پاگیا۔
اس سمندی معاہدے کا مقصد 2030 تک سمندروں کے 30 فیصد حصے کو محفوظ علاقہ بنانا ہے تاکہ سمندری مخلوقات کی حفاظت اور انہیں بیماریوں سے صحتیاب کیا جا سکے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں مختلف ممالک کی 38 گھنٹے کی بات چیت کے بعد ہفتے کی شام طے پایا۔فنڈنگ اور ماہی گیری کے حقوق پر اختلافات کے باعث یہ مذاکرات برسوں سے جاری تھے۔
سمندر کے تحفظ سے متعلق آخری انٹرنیشنل معاہدے پر 40 سال قبل 1982 میں دستخط کیے گئے تھے ۔اس معاہدے نے ایک ایسا علاقہ قائم کیا تھا جسے ’’ ہائی سیز‘‘ کہا جاتا ہے جس کے تحت سمندر میں تمام ملکوں کو مچھلی، بحری جہاز بھیجنے اور تحقیق کرنے کا حق حاصل ہے لیکن اس معاہدے سے صرف 1.2 فیصد سمندری حصہ محفوظ ہے۔ انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر (IUCN) کے مطابق تقریباً 10 فیصد آبی مخلوقات معدومیت کے خطرے سے دوچار ہیں۔