راہول کی نااہلی کیخلاف احتجاج،سکھوں کا ساتھیوں کی رہائی کیلئے الٹی میٹم
Share
نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کی پارلیمنٹ کی نشست سے نااہلی کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے ،لوک سبھا میں بھی ارکان نے مظاہرہ کیا ۔ بھارتی کوسٹ گارڈ کے ایک ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ ہوئی جس کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔
دوسری جانب سکھوں کے سیاسی اور مذہبی رہنما شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار گیانی ہرپریت سنگھ نے بھارتی حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ 24 گھنٹوں میں گرفتار کیے گئے سکھ نوجوانوں کو رہا کیا جائے ورنہ حالات کی ذمہ دار مودی حکومت ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس نے پارلیمنٹ میں بڑے پیمانے پر احتجاج کیاگیا، کانگریس ممبران نے کالے کپڑے پہن کر پارلیمنٹ میں احتجاج ریکارڈ کروایا۔ راہول ندھی نے رکن اسمبلی کے طور پر نااہل قرار دیئے جانے کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا بائیو اپ ڈیٹ کیا ہے۔
خود کو کانگریس کا رکن کہنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ’’نااہل ایم پی‘‘ بھی لکھا ہے۔ بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سیکرٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بزدل اور اقتدار کے پیچھے چھپنے والا شخص قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت ہر اس آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو اسکے خلاف ہے۔
پرینکا گاندھی نے نئی دہلی میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ وقت بیدار اور متحد ہونے کا ہے تاکہ کرپٹ اور غیر جمہوری حکومت کا مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہر اس آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو اسکے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام وسائل ایک شخص کو بیچے جا رہے ہیں۔
لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں اورمہنگائی بلند سطح پر ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت اگر مجھے جیل میں بھی ڈال دے لیکن میں نہیں جھکوں گی۔انہوں نے اپنے بھائی اور کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران ہم آہنگی، اتحاد کی بات کی اور وہ ایسی کوئی بات نہیں کر سکتا جو ملک کے مفاد میں نہ ہو ۔
انہوں نے کہا کہ راہول کو اس لیے پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ سوال نہ کر سکیں۔پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں میرے والد کی توہین کی گئی۔
میرے بھائی کو میر جعفر جیسا نام دیا گیا ہے جبکہ بی جے پی کے وزرا پارلیمنٹ میں میری ماں کی بھی توہین کرتے ہیں۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھرنے اس موقع پر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام سڑکوں پر نکل کر متکبر حکومت سے لڑیں۔