روس کے یوکرین کے 6 شہروں پر 50 میزائل حملے

ماسکو ، کیف: روس نے یوکرین کے چھ شہروں پر 50 میزائل حملے کئے جن سے گرڈ سٹیشن اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یوکرینی وزیر توانائی نے بتایا کہ روس نے بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ ڈرون حملے بھی کئے جن میں ایک گرڈ سٹیشن تباہ ہو گیا۔

دارالحکومت کیف کے میئر نے 10روسی میزائل مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی حملے میں پاور گرڈ سٹیشن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا یورپ فتح تک ہمارے ساتھ رہے گا۔

یورپی رہنماؤں نے ہمیں جدید لڑاکا طیاروں کی فراہمی کیلئے رضامندی ظاہر کی ہے لیکن ہمیں یہ طیارے جلد فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے یورپی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے اور یوکرین پر حملے کے ذمہ دار روسی رہنماؤں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ آزاد یوکرین کے بغیر آزاد یورپ کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔

صدر زیلنسکی کے ترجمان نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا کہ یوکرین کیلئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور لڑاکا طیاروں کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور جلد اس کی تفصیلات سامنے آئیں گی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے والے مغربی ممالک نے اب تک جنگی طیارے یا طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار بھیجنے سے انکار کیا ہے لیکن زیلنسکی کے دورہ یورپ کے دوران ایسے اشارے ملے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔