سال 2019 میں تجارتی خسارہ میں 17 ارب 44 کروڑ ڈالر کی کمی

اسلام آباد: رواں سال 2019 کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں مجموعی طور پر17رب44کروڑ40 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال میں مئی2019 کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں سب سے زیادہ 2  ارب94 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اپریل میں بھی 2 ارب65کروڑ90 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق سال 2019 میں جنوری تا جولائی کے دوران 7  ماہ کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارہ میں اوسطاً 2 ارب ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ جنوری2019 کے دوران تجارتی خسارہ 2 ارب46کروڑ10 لاکھ ڈالر، فروری  کیلیے تجارتی خسارہ کا حجم 2 ارب29 کروڑ10 لاکھ ڈالر تک کم ہوگیا۔ اسی طرح مارچ2019 کے دوران بھی تجارتی خسارہ میں2ارب17روڑ60  لاکھ ڈالر اور اپریل میں  2 ارب65کروڑ90 لاکھ ڈالر کی کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی ہے۔

اسی طرح مئی 2019 کے دوران تجارتی خسارہ میں 2 ارب 94 کروڑ ڈالر کی سب سے زیادہ کمی  جبکہ جون میں 2 ارب64 کروڑ70 لاکھ ڈالر اورجولائی میں 2 ارب27 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ پرتعیش اور اندرون ملک تیار ہونے والی مصنوعات کی درآمدات کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے حکومت کے اقدام قابل ستائش ہیں جن سے نہ صرف مقامی صنعت کی ترقی اور فروغ میں مدد ملے گی بلکہ اس سے قومی خزانہ پر ادائیگیوں کے دباؤ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔