سری لنکا کو اننگز کی شکست، ٹیسٹ سیریز کیویز کے نام

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو اننگز اور 58 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ کر دیا۔ ہنری نکولس کو پلیئر آف دی میچ اور کین ولیمسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بیسن ریزرو پر دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن سری لنکا نے فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگز 113/2 کے اسکور پر 303 رنز کے خسارے کے ساتھ دوبارہ شروع کی اور 358 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹرز کوسل مینڈس 50 اور اینجلو میتھیوز دو رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

دنیش چندیمل اور دھننجیا ڈی سلوا نے 126 رنز کی شراکت قائم کی، چندیمل 62 اور ڈی سلوا 98 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ نشان مدوشکا 39 اور کاسون رجیتھا 20 رنز بناسکے۔ ٹم ساؤتھی اور بلیئر ٹکنر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مائیکل برسیول نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے میں آخری گیند پر دو وکٹوں سے ہرایا تھا۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان وائٹ بال کرکٹ کا آغاز 25 مارچ کو آکلینڈ میں پہلے ون ڈے سے ہوگا۔