سری لنکا کی اننگز 704/3 پر ڈیکلیئر، مڈوشکا اور مینڈس کی ڈبل سنچریاں
Share
گال: آئرلینڈ نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 54 رنز اسکور کرلیا، اسے سری لنکا کی پہلی اننگز کی برتری کے خاتمے کیلئے مزید 158 رنز درکار ہیں۔
گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا نے گزشتہ روز کے اسکور 357/1 پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بیٹرز نشان مڈوشکا اور کوسل مینڈس نے ڈبل سنچریاں اسکور کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر 268 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ مڈوشکا نے 22 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 205 رنز بنائے جبکہ مینڈس نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی۔
ان کے 245 رنز 11 چھکوں اور 18 چوکوں سے مرصع تھے۔ اینجلیو میتھیوز نے بھی رنز کی بہتی ندی میں ہاتھ دھوتے ہوئے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔ قبل ازیں دنیش چندیمل 13 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 704/3 کے اسکور پر ڈیکلیئر کردی۔ آج میچ کا پانچواں اور آخری دن ہے، آئرلینڈ 158 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرے گا جبکہ اس کی 8 وکٹ باقی ہیں۔