سٹاک مارکیٹ: 40ہزار پوائنٹس کی حد بحال،ڈالر مہنگا،سوناسستا

کراچی: سٹاک مارکیٹ میں 40ہزار پوائنٹس کی حد دوبارہ بحال ہوگئی جبکہ ڈالر مہنگا اور سوناسستا ہوگیا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کے روز نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا،کے ایس ای100انڈیکس58پوائنٹس اضافہ سے 39942پوائنٹس سے بڑھ کر40000پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں معمولی تیزی کے باعث سرمایہ کا حجم2کروڑ روپے اضافہ سے 61کھرب7ارب روپے کی سطح پر رہا جبکہ حصص کی کاروباری مالیت 2ارب50کروڑ روپے رہی۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 298کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا۔

جس میں سے 122کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ،148کے حصص کی قیمت میں کمی اور 28کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا۔دریں اثناءسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر38پیسہ اضافہ سے283.20روپے سے بڑھ کر283.58روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر50پیسہ اضافہ سے 285.50روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں پیرکو سونے کی فی اونس قیمت28ڈالرکمی سے1950ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی،عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی سونے کی قیمت1100روپے کمی سے2لاکھ4ہزار600اوردس گرام سونے کی قیمت944روپے کمی سے 1لاکھ75ہزار411روپے رہی۔