ٹیکساس: امریکہ کی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی دو 81 سالہ سہیلیوں نے 80 دن میں پوری دنیا کا سفر کرکے دنیا کو حیران کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق 81 سالہ ڈاکیومنٹری فوٹوگرافر ایلی ہیمبے اور 81 سال کی ہی لیکچرار سینڈے ہیزلیپ نے عمر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سخت اور دشوار گزار راستوں کو عبور کرتے ہوئے دنیا کی سیر کر ڈالی۔
دونوں دوستوں نے 11 جنوری کو اپنے سفر کا آغاز کیا اور پہلا پڑا انٹارکٹیکا میں کیا، انہوں نے برفانی راستوں اور سخت سردی کے باوجود اپنے سفر کو یادگار بنا دیا۔
دونوں دوست خواتین نے سات براعظموں کے اٹھارہ ممالک کا سفر کیا اور دنیا کے بہترین مقامات کی سیر کی اور ان خوبصورت لمحات کو سوشل میڈیا اکائونٹس پر بھی شیئر کیا۔دونوں خواتین نے 2022 میں 80 ویں سالگرہ منائی لیکن کورونا پابندیوں کی وجہ سے وہ اپنے منصوبے پر عمل نہ کر سکیں لیکن رواں سال انہوں نے اپنے خواب کی تکمیل کر لی۔ ایلی اور سینڈے نے اپنے اس یادگار سفر کو اپنے آنجہانی شوہروں کے نام کر دیا۔