صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کارمضان ٹریننگ کیمپ

پشاور: صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رمضان ٹریننگ کیمپ پشاور کے ہاشم خان سکواش کمپلیکس میں جاری ہے جس میں انڈر8 سے انڈر11 تک کے کھلاڑی شامل ہیں’گزشتہ روز صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین و لیجنڈ قمرزمان نے کھلاڑیوں کو لیکچر دئیے اور انہیں عملی طور پر ٹیکنیکس سکھائیں ان کے ہمراہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے جائنٹ سیکرٹری و کو چ و ریفری منور زمان’ دیگر سکواش کوچز اور آفیشلز موجودتھے۔

اس موقع پر قمرزمان کی کاوشوں کو سراہا گیا جنہوں نے خود کورٹ میں بھی بچوں کیساتھ کھیلتے ہوئے وقت بھی گزارا ‘ سکواش لیجنڈ قمرزمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان سکواش ٹریننگ کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے جس میں کوالیفائیڈ پی اے ایف کے کوچز کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کررہے ہیں۔

جبکہ وہ خود اس ٹریننگ کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں اور خود بھی کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہیں اور انہیں جدید ٹیکنیس سمیت مختلف شاٹس پر عبور حاصل کرنے کے لئے عملی ٹریننگ بھی دے رہے ہیں اس سلسلے میں پی اے ایف کے ڈائریکٹر سپورٹس سمیت دیگر حکام بھرپور سپورٹ کررہے ہیں اور کھلاڑیوں کو تمام بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔