مارک زکر برگ کی اہم ای میل لیک ہوگئی

نیویارک: میٹا کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او)مارک زکربرگ کی ایک ای میل لیک ہوئی ہے، جس میں انہوں نے ایک ملازم سے استعفیٰ طلب کیا ہے۔

یہ ای میل ایک مقبول ٹوئٹر اکاونٹ انٹرنل ٹیک ای میلز سے لیک کی گئی تھی۔22 ستمبر 2010 کو لکھی گئی ای میل میں ایک ملازم کی جانب سے نیوز پورٹل TechCrunch کو فیس بک کی جانب سے سمارٹ فون بنائے جانے کے حوالے سے خبر دئیے جانے کا حوالہ دیا گیا تھا۔

ای میل میں میٹا کے سی ای او نے ملازمین کو کمپنی کے بارے میں رازداری برقرار رکھنے یا کمپنی چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔ ٹوئٹر پوسٹ میں جاری ای میل میں لکھا کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں نے ہفتے کے آخر میں TechCrunch کی سٹوری دیکھی ہوگی، جس میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ ہم ایک موبائل فون بنا رہے ہیں۔

ہم کوئی فون نہیں بنا رہے اور میں نے جمعہ کو سوال و جواب میں اس بارے میں تفصیل سے بات کی کہ ہم تمام فونز اور ایپس کو مزید سوشل بنانے کے طریقے تیار کر رہے ہیں۔

اس لیے جس نے بھی یہ خبر لیک کی ہے میں اسے فوری طور پر استعفیٰ دینے کے لیے کہہ رہا ہوں۔ یا تو آپ استعفیٰ دیں، ورنہ ہم یقینی طور پر معلوم کر ہی لیں گے کہ یہ کس نے کیا۔