واحد ٹیسٹ، بنگلہ دیش کی آئرلینڈ کے خلاف گرفت مضبوط
Share
ڈھاکہ: بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کیخلاف جاری واحد ٹیسٹ میں اپنی پوزیشن مستحم کرلی جب مہمان ٹیم کے 27 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ شکیب الحسن اور تیج الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش نے 180 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔
مومن الحق جنہیں اس گراؤنڈ پر 1000 رنز مکمل کرنے کیلئے مزید دو رنز درکار تھے اپنے گزشتہ روز کے اسکور 17 میں کوئی اضافہ کئے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ اس مشکل صورتحال میں مشفق الرحیم اور کپتان شکیب الحسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 159 رنز کا اضافہ کیا۔ شکیب 87 اور لٹن داس 43 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس دوران مشفق الرحیم نے اپنے کیریئر کی 10 ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کرلی، انہوں نے 126 رنز اسکور کئے۔ مہدی حسن نے 55 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں تمام وکٹوں پر 369 اسکور کر کے 155 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ اینڈی مک برائن نے 166 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، یہ ان کی کیریئر بیسٹ بولنگ بھی ہے۔ مارک ایڈیئر اور بین وائٹ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آج میچ کا تیسرا دن ہے، آئرلینڈ 128 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرے گا۔