ورلڈ اسنوکر، کوالیفائر کے ہاتھوں جڈ ٹرمپ کو شکست

شیفیلڈ (اسپورٹس ڈیسک) کوالیفائر انتھونی میک گل نے کروسیبل تھیٹر، شیفیلڈ میں جاری ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا پہلا اپ سیٹ سابق چیمپئن جڈ ٹرمپ کو 10-6 سے اپ سیٹ شکست دے کر کیا۔ میک گل نے عالمی نمبر پانچ اور ماسٹرز چیمپئن جڈ ٹرمپ کیخلاف 6-3 کی برتری کے ساتھ دوبارہ آغاز کیا لیکن ٹرمپ نے 68 اور 58 کے بریک لگاتے ہوئے اسکور 6-5 سے کم کر دیا۔

اسکاٹش کیوئسٹ نے 2019 کے فاتح کو جلد گھر بھیجنے کے لیے 94، 69، 45 اور 44 کے بریکس کھیلے۔چار مرتبہ کے چیمپئن جان ہگنز نے شیفیلڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ میں ڈیوڈ گریس کو 10-3 فریمز سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ انہوں نے 114 کے شاندار سنچری بریک کے ساتھ 7-2 کی برتری کو آگے بڑھایا۔ گریس نے 83 کے بریک کے ساتھ اسکاٹش پلیئر کیخلاف معمولی مزاہمت کی تاہم ہگنز نے 97 اور 124 کے اسٹائلش بریکس کے ساتھ فتح پر مہر ثبت کی۔

ہگنز اب دوسرے راؤنڈ میں کیرن ولسن یا ریان ڈے سے کھیلیں گے۔ دریں اثناء کیرن ولسن نے ریان ڈے کے خلاف اپنے پہلے راؤنڈ کے میچ میں 147 کا بریک کھیلا۔ انگلش کھلاڑی ولسن نے کروسیبل کی تاریخ میں 13ویں کل کلیئرنس کے لیے 15 ریڈ، 15 بلیک اور دیگر تمام رنگوں کی بالز پوٹ کیں۔ اگر رواں سال اس ٹورنامنٹ میں اگر کوئی اور کیوئسٹ یہ کارنامہ انجام نہیں دیتا تو ولسن اضافی انعامی رقم میں سے 55 ہزار پاؤنڈ جیت لیں گے۔