کراچی: اسپیشل اولمپکس پاکستان کے تحت 8ویں ایس او پی لیکسن انویسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کاانعقاد ڈی ایچ اے فیز8 پر ساحل کے قریب ہوا۔
ایونٹ میں 21 کلو میٹر کی میراتھون، 10 اور 5 کلو میٹر ریس اور 1کلو میٹر کی یونیفائیڈ واک میں اسپیشل بچوں سمیت مرد، خواتین،، معمر افراد، فنکار،کھلاڑی، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، تعلیمی، سماجی، رفاعی، کاروباری اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں، معززین شہراور غیرملکی سفارت کاروں نے حصہ لیا۔
جبکہ خصوصی افراد کی وہیل چیئر واک شرکاء کی خاص توجہ کا مرکز رہی۔ میراتھن میں معروف فنکارہ اور ایس او پی کی ایمبیسیڈر ثروت گیلانی اور میوزیشن فیصل کپاڈیہ نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اقبال لاکھانی تھے جبکہ اختتامی تقریب میں فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے بحیثیت مہمان خصوصی اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کے ساتھ میراتھون کے کامیاب شرکاء میں میڈلز اور نقد انعامی رقوم تقسیم کیں۔