کراچی: انٹرنیشنل نیزہ بازی فیڈریشن نے بھارتی جعل سازی کا نوٹس لیتے ہوئے نیزہ بازی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو دے دی۔
پاکستان پہلی بار گھڑ سواروں کی نیزہ بازی کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائر مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کے زیرنگرانی ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے تحت سہ روزہ ورلڈ کپ کوالیفائرز 15 فروری سے لاہور میں شروع ہوں گے۔ 17 فروری تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں 6 ممالک شرکت کریں گے جن میں اردن ، لیبیا ، ایران ، شام ، بیلاروس اور میزبان پاکستان شامل ہیں۔
مقابلوں میں کامیاب ٹیم اسی سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی کپ میں شرکت کی حقدار ہوگی۔ دریں اثنا ٹرائلز کے بعد عالمی کپ کوالیفائرز کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا۔
منتخب گھڑ سواروں میں عرفان وٹو، وجاہت اللہ خان ، ناصرعباس ، تصور عباس لک، فضیل امجد بھٹی شامل ہیں، ہارون بندیال کوچ ہوں گے۔
واضح رہےکہ انٹرنیشنل نیزہ بازی فیڈریشن نے پچھلے سال بھارت کی جعل سازی کے باعث وہاں ہونے والے کوالیفائر کینسل کرکے میزبانی پاکستان کو دی تھی۔