پرائم منسٹر یوتھ اسپورٹس لیگ :سندھ کے تیسرے ریجن میں والی بال ٹرائلز کا آغاز
Share
کراچی:پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے سلسلے میں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس والی بال لیگ کے لئے ٹرائلز سندھ میں جاری ہیں ۔
اس ضمن میں این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کی میزبانی میں سندھ کے تیسرے ریجن شہید بے نظیر آباد میں گزشتہ روز دو روزہ ٹرائلز کا آغاز ہوگیا ،قائد عوام یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد صدیقی نے ٹرائلز کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محسن سومرو ،بے نظیر آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے شبیر چانڈیو ،حسن عسکری ،والی بال ایسوسی ایشن کے رحیم راجپوت ،ڈائرکٹر فزیکل ایجوکیشن مس نگہت ،مس شکیلہ ،مس سنجھا اور دیگر بھی موجود تھے ۔
ٹرائلز کی افتتاحی تقریب میں این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کی جانب سے مہمان خصوصی قائد عوام یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد صدیقی کو این ای ڈی کے ٹرائلز کوآرڈی نیٹر نعمان الدین نے اجرک اور شیلڈ پیش کی ۔
اس موقع پرمہمان خصوصی ڈاکٹر رضوان صدیقی کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹر پاکستان کی جانب سے یوتھ پروگرام پاکستان نوجوانوں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے کہ وہ اپنے گیم میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں اور اپنے تعلیمی ادارے اور شہر کا نام روشن کریں ۔
انہوں نے اسپیشل اسسٹنٹ یوتھ افیئرز ٹو پرائم منسٹر پاکستان شیزا فاطمہ کی اس سلسلے میں کی گئی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔
سلیکشن کمیٹی شاہد مسعود،مظہر الدین میمن ، لنبیٰ ناز ،نعمان الدین ،راشدہ شکیل اور شہباز باجوہ پر مشتمل تھی ،پہلے روز ٹرائلز میں سکرنڈ ،ٹنڈوجام ،بے نظیر آباد اور ملحقہ علاقوں کے 90سے زائد بوائز اور گرلز کھلاڑیوں نے ٹرائلز میں شرکت کی ۔ٹرائلز آج بھی جاری رہیں گے ۔