پہلی میکڈونلڈز آل پاکستان جونیئر اینڈ ویمن اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز

کراچی:پہلی میکڈونلڈ زآل پاکستان جونیئر اینڈ ویمن اسکواش چیمپئن شپ(آج) منگل سے جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پی ایس بی کراچی سینٹر پر شروع ہو رہی ہے جس میں پاکستان بھر سے 136 کھلاڑی شرکت کریں گے ،چیمپئن شپ کی انعامی رقم پانچ لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔

اس سلسلے میں سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد عامر خان نے بتایا کہ پہلی میکڈونلڈ زآل پاکستان جونیئر اینڈ ویمن اسکواش چیمپئن شپ 7سے11مارچ تک پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں واقع جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کے کورٹس پر کھیلی جائے گی جس کے مرکزی اسپانسر میکڈونلڈزہیں جبکہ کو اسپانسر میں امریکن بزنس کونسل آف پاکستان شامل ہیں ۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے136کھلاڑیوں نے اپنی انٹریز کنفرم کی ہیں\

ان میں پنجاب کے38،کے پی کے24،سندھ کے53،پاکستان آرمی کے پانچ ،پاکستان ائیر فورس کے10،واپڈا کے چار جبکہ ایس این جی پی ایل اور زیڈ ٹی بی ایل کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔چیمپئن شپ میں بوائز انڈر17،بوائز انڈر15اور بوائز انڈر 13کے علاوہ گرلز انڈر15اور ویمن کی سینئر کیٹیگری شامل کی گئی ہے۔منگل کو چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ اور مین رائونڈز کا آغاز ہو جائے گا جبکہ 9مارچ کو کوارٹر فائنلز ،10مارچ کو سیمی فائنلز اور11مارچ کو تمام ایونٹس کے فائنل کھیلے جائیں گے ۔