چینی فوجی اڈے پر تیارجاسوس غبارہ کی سیٹلائٹ تصاویر جاری

واشنگٹن: چینی فوجی اڈے پر تیارجاسوس غبارہ کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کردی گئیں۔امریکی ٹی وی چینل نے کہاہے کہ سیٹلائٹ تصاویر میں بظاہر ایک بڑا غبارہ دکھایا گیا ہے جو چینی فوج نے شمال مغربی چین کے ایک فوجی اڈے پر تیار کیا ہے۔

یہ تصاویر چینی جاسوس غبارے کے امریکہ کے اوپر سے اڑان بھرنے سے مہینوں پہلے لی گئی تھیں۔امریکی ٹی وی کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر جو نومبر 2022 میں امریکی نیٹ ورک نے حاصل کی تھیں امریکی کمپنی بلیک اسکائی سیٹلائٹ امیجنگ نے لی تھیں۔

اس میں ایک 100 فٹ لمبا غبارہ تقریبا ایک کلومیٹر لمبے رن وے پر منڈلاتا دکھائی دیتا ہے۔خلائی ماہرین نے کہا کہ چینی صحرا میں اڈے کی تصاویر میں غبارے اور ایک بڑا ہینگر لانچ کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچہ دکھایا گیا ہے۔

یہ رپورٹ اس سال کے شروع میں ایک چینی جاسوس غبارے کے امریکہ کے اوپر سے پرواز کرنے کے بعد سامنے آئی ہے جسے بالآخر جنوبی کیرولینا کے ساحل پر مار گرایا گیا تھا۔اس سے قومی سلامتی کی ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔

قانون سازوں نے فوری طور پر امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے غبارے پر ردعمل پر سوال اٹھایا۔ اس واقعہ کی وجہ سے کئی ہفتوں کے دوران کئی کو امریکی اور کینیڈین فضائی حدود میں مار گرایا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق چینی غبارہ جس نے امریکی سرزمین پر سفر کیا حساس امریکی فوجی مقامات کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے میں کامیاب رہا۔

امریکی میڈیا کے مطابق حکومتی عہدیداروں کی جانب سے اس طرح کے منظر کو رونما ہونے سے روکنے کی کوششوں کے باوجود چین کا یہ مشن کامیاب رہا ہے۔امریکی حکومت اس غبارے کے ملبے کے کچھ حصوں کو بازیافت کرنے میں کامیاب رہی جسے ملک کے مشرقی ساحل سے گرایا گیا تھا۔

دفاعی حکام نے یہ بھی کہا کہ یہ غبارہ بیجنگ کی طرف سے چلائے جانے والے ایک بڑے نگرانی کے پروگرام کا حصہ تھا، جس میں وہ دیگر غبارے بھی شامل ہیں جو ماضی میں امریکہ، وسطی امریکہ اور جنوبی امریکہ پر اڑ چکے ہیں۔