لندن :ہانگ کانگ کے مفرور ارب پتی جوزف لاؤ نے سوتھبیز کی نیلامی میں درجنوں ہرمیس کے بیگز 3.2 ملین ڈالر میں فروخت کیے ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق اس نیلامی کو جوزف لاؤ کی وژنری کلیکشن کا پہلا حصہ” کا نام دیا گیا ہے ، یہ ایونٹ ایشیا کی نیلامی مارکیٹ میں ہینڈ بیگ کی سب سے بڑی فروخت تھی۔ نیلام گھر نے اعداد و شمار کو ظاہر کیے بغیر کہا کہ آمدنی کا ایک حصہ خیراتی اداروں میں عطیہ کیا جائے گا۔نیلامی میں 76 ہرمیس بیگ اور ایک چینل کا بیگ فروخت ہوا ہے۔ فروخت ہونے والی اشیاء میں چھ ہیرے کی برکنز اور ایک انتہائی نایاب کانسی کی دھاتی کیلی شامل تھی۔ سوتھبی کی ویب سائٹ پر پوسٹ کردہ نتائج کے مطابق سب سے مہنگا 2006 کا بلیو جین چمکدار پوروسس کروکوڈائل برکن 25 تھا جس میں 18 قیراط سفید سونے اور ہیرے کے ہارڈ ویئر تھے، یہ 1.52 ملین ہانگ کانگ ڈالر میں فروخت ہوا۔
ٹائیکون کے ایک نمائندے نے واٹس ایپ کے ذریعے ایک بیان میں خاندان کے قریبی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاؤ نے 1,500 سے زیادہ ہرمیس بیگ خرید رکھے ہیں اور ان کا خاندان اب بھی ان میں سے ایک ہزار سے زیادہ کا مالک ہے۔ہانگ کانگ کے ڈویلپر چائنیز سٹیٹس ہولڈنگز لمیٹڈ کے سابق چیئرمین نیلامی کی دنیا میں ایک معروف کلکٹر اور فروخت کنندہ ہیں۔ 71 سالہ مفرور ٹائیکون نے اپنی بیٹی کیلئے 2015 میں 48.6 ملین سوئس فرانک ( 52.9 ملین امریکی ڈالر) میں 12 قیراط کا نیلا ہیرا خریدا تھا جو اس وقت کا ایک ریکارڈ تھا۔ لاؤ کے پاس معروف پینٹنگز بھی ہیں جسے وہ لندن میں اپنی آنے والی آرٹ گیلری میں ڈسپلے کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔لاؤ کو 2014 میں مکاؤ میں رشوت ستانی اور منی لانڈرنگ کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی، لیکن وہ کبھی بھی جیل نہیں گیا کیونکہ دونوں علاقوں میں مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ نہیں ہے۔ بلومبرگ کے مطابق لاؤ کے اثاثوں کی مالیت چھ ارب ڈالر کے قریب ہے۔