پچتر روپے کےنوٹ کےحوالے سے شکوک و شبہات برقرار

کراچی : 75 ویں یوم آزادی پرسٹیٹ بینک نے 75 روپے مالیت کا یادگاری کرنسی نوٹ جاری کیا تھاجسے بعد میں عوامی سطح پر لین دینے کیلئے بھی قابل استعمال قرار دیا گیا تاہم اس نوٹ کے حوالے سے اب بھی بیشتر شہریوں اور خاص طور پر دکانداروں کو شکوک و شبہات ہیں۔

عید کے موقع پر شہریوں نے خاص طور پر 75 روپے کے نئے کرنسی نوٹ لے کربچوں میں تقسیم کیے تاہم کئی شہریوں نے شکایت کی 75 روپے کے جو کرنسی نوٹ بچوں کو بطور عیدی دیئے انہیں دکاندار وں نے قبول نہیں کیا۔

سٹیٹ بینک نے ٹویٹ کے ذریعے وضاحت کی تھی کہ 75 روپے کا کرنسی نوٹ عام لین دین کیلئے قابل قبول ہے ۔دکانداروں کے مطابق اس لیے 75 روپے کا کرنسی نوٹ وصول نہیں کر رہے کیونکہ جب وہ اسے کسی صارف کو دیتے ہیں تو وہ لینے سے انکار کردیتا ہے۔شہریوں نے کہاسٹیٹ بینک کا ٹویٹ کافی نہیں بلکہ اس کی تشہیر قومی ٹیلی ویژن اور اخبارات کے ذریعے کی جائے۔