فخر پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد، ون ڈے رینکنگ میں دوسری پوزیشن

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق بابر اعظم کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے جب کہ فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف لگاتار دو سنچریوں کی بدولت تین درجے ترقی کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

اس سے قبل فخر زمان ٹاپ 10 میں شامل تھے۔ امام الحق دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان تین درجے بہتری کے ساتھ 58 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج دوسرے، آسٹریلیا کے مچل سٹارک ایک درجےترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ، کیوی بولر ڈیرل مچل 31 درجے ترقی کے بعد 51 ویں، شاہین آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد دسویں، شاداب خان چار درجے تنزلی کے ساتھ 39 ویں، فاسٹ بولر حارث رؤف 10 درجے ترقی کے ساتھ 51 ویں اور فاسٹ بولر نسیم شاہ 12 درجے ترقی کے بعد 73 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ون ڈے آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں۔ دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے ،نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان کے فخر زمان کو آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ سری لنکا کے پرابتھ جے سوریا اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین کو بھی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔