ورلڈ ٹی بی ڈے 24 مارچ کو منایاجائے گا

ملتان: ورلڈ ٹی بی ڈے ہر سال کی طرح اس سال بھی 24 مارچ کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی منایا جائے گا اس حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں شعبہ امراض سینہ و تپ دق کے سربراہ ڈاکٹر اعظم مشتاق کی سربراہی میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد آج ہو گا جس میں ٹی بی کے حوالے سے شرکا کو آگاہی فراہم کی جائیگی اس موقع پر ڈاکٹر اعظم مشتاق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر ایک لاکھ کی آبادی میں ٹی بی کہ 373 مریض ہوتے ہیں اور ان میں سے بیشتر عمر کے اس حصہ میں ہوتے ہیں جو کمانے اور محنت کرنے کی عمر ہے۔

ہر سال پاکستان کی ہر ایک لاکھ آبادی میں 38 لوگ ٹی بی سے مر جاتے ہیں اس طرح پاکستان میں ہر سال تقریباً 70 ہزار افراد ٹی بی سے مر جاتے ہیں ۔ٹی بی کی علامات میں دو ہفتے سے زیادہ کھانسی جس میں بظاہر کوئی وجہ نا ہو ،بلغم میں خون آنا ،ہلکا بخار٫ وزن میں کمی بھوک میں کمی٫ جسمانی کمزوری وغیرہ شامل ہیں، پھیپڑوں کی ٹی بی تشخیص کیلئے سب سے اہم ٹیسٹ مریض کے بلغم کا خوردبینی معائنہ ہے اس کے علاؤہ ایکسرے وغیرہ بھی کرائے جاتے ہیں ۔