ڈیزل 5، مٹی کا تیل 10 روپے لٹر سستا، پٹرول کی قیمت برقرار

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کااعلان کر دیا۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر کمی کی جارہی ہے۔

جبکہ پٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا ۔ہائی سپیڈ ڈیزل 288 روپے، مٹی کا تیل 176.7 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 164.68 روپے فی لٹرہوگئی۔

نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے ہو گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا وزیر اعظم کی ہدایت ہے جتنا ریلیف عوام کو مہیا کیا جا سکتا ہے کیا جائے۔ اسحاق ڈار نے کہا پٹرول کی قیمت میں اضافے کی تجویز تھی مگر وزارت خزانہ نے اس کے برعکس یکم مئی سے بارہ مئی تک پٹرول کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کئی ورکنگ راؤنڈز کے بعد طے کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ نے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ۔